بچے کی نشوونما 6 - ایک سال سے دو سال تک

(مواد کا اعادہ کیا گیا 12/2019 میں)

پہلی سالگرہ کے بعد، آپ کا بچہ ننھے بچے کے مرحلے میں داخل ہو جاتا ہے۔ تھوڑا سا چلنے اور بات کرنے کے قابل ہونے کے بعد، وہ مزید خود مختار ہو جاتا ہے اور خود اپنی قوت ارادی پر عمل کرنے کی کوشش کرنے لگتا ہے۔ آپ اسے پائیں گے کہ وہ آپ کے حدود کی جانچ کر رہا ہے اور خود اپنی حدود دریافت کر رہا ہے۔ آپ کی اور اس کی خواہش کے مابین جھڑپیں ہونے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ وہ جان بوجھ کر شرارتی بننے کی کوشش نہیں کر رہا ہے، بلکہ اپنی ترقیاتی صلاحیتوں کے پیش نظر صرف وہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو وہ کر سکتا ہے۔ یاد رکھیں کہ وہ آپ کو یہ بتانے کے لئے حساب لگائے گا کہ کیا جائز ہے اور کیا جائز نہیں ہے، اور یقین دہانی اور تحفظ کے لئے وہ آپ کو بار بار دیکھے گا۔ اس دوران، وہ سامان اور اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ ملکیت کی بڑھتی ہوئی علامتیں بھی دکھائے گا۔

اس مدت کے اختتام تک، آپ کا بچہ اس قابل ہو جائے گا کہ وہ:

نقل وحرکت کرے

  • تقریبا 18 ماہ تک نقل و حرکت کے معمول کے ذرائع کے طور پر چلنے کو استعمال کرے، اگرچہ وہ اپنی ٹانگوں پر مستحکم نظر نہ آئے
  • 2 سال کی عمر تک تنہا اچھے سے چلے
  • فرش سے کوئی چیز اٹھانے کے لئے گرے بغیر اکڑوں بیٹھے
  • تیز قدموں کے ساتھ چلے یا دوڑے بھی
  • چلتے ہوئے کھلونوں کو ساتھ لے جائے یا کھینچے
  • مدد کے بغیر فرنیچر پر چڑھے اور اس سے اترے
  • سہارے سے سیڑھوں پر چڑھے اور اترے
  • گیند کو پیر سے مارنے کی کوشش کرے

ہاتھ اور انگلی کی صلاحیت

  • چار یا اس سے زیادہ اینٹوں/بلاکس کے ٹاور بنائے
  • ایک وقت میں کتاب کے کئی صفحات کو پلٹے
  • گانٹھ اور بوتل کے کیپ کو کھولے
  • کھونٹوں کو سوراخوں میں ڈالے
  • نرم رنگین پینسل سے لکھے
  • ایک ہاتھ کو استعمال کرنے کا رجحان دکھائے

زبان کی نشوونما

  • نام کے جواب میں جسم کے اعضاء کی طرف اشارہ کرے
  • واقف افراد اور اشیاء کے ناموں کو پہچانے
  • اشارہ کئے بغیر "مجھے گیند دو" جیسی آسان ہدایات پر عمل کرے
  • تنہا الفاظ بولے، بنیادی طور پر پہلے اسم اور پھر فعل
  • الفاظ ملانا شروع کرے جیسے: "ماں کھائیں"، "بسکٹ چاہئے

ادراکی ترقی

  • شکل اور سائز کے لحاظ سے اشیاء کو ترتیب دینا شروع کر دے
  • ابتدائی طور پر صرف اپنے آپ کو شامل کرتے ہوئے کھیل کا لطف اٹھائے (مثال کے طور پر خود کو ایک چمچ سے کھلائے)، پھر آہستہ آہستہ دوسروں کو شامل کرے (جیسے ممی یا گڑیا کو کھانا کھلائے)
  • آزمائش اور غلطی سے مسائل حل کرنے کے لئے سیکھنا شروع کر دے

معاشرتی اور جذباتی نشوونما

  • اپنی ذات میں مگن رہے
  • دوسرے بچوں، عام طور پر بڑے بچوں کو دیکھنے اور ان کے آس پاس رہنے سے لطف اٹھائے
  • ملکیت دکھائے اور کھلونوں کا مقابلہ کرے
  • اپنی ضروریات کا اظہار کرنے اور اپنی دلچسپی کی طرف آپکی توجہ مبذول کرانے کیلئے اشاروں (جیسے اشارہ کرنا) یا گویائی کا استعمال کرے
  • دوسروں کے ساتھ باہمی میل جول کے انداز میں کھیلنا سیکھے (اس عرصہ کے آخر میں)
  • دوسروں، خصوصا بالغوں اور بڑے بچوں کے طرز عمل اور ان کی سرگرمیوں کی نقل کرے

ذاتی دیکھ بھال کی مہارتیں

  • چمچ سے خود کو کھلائے اور کپ سے پیئے
  • جوتے اتارے
  • ٹوائلٹ کی ضروریات کی نشاندہی کرنا شروع کر دے

چھوٹے بچے کی نشوونما کے لئے ترغیب دینا

اس عمر میں ننھے بچوں کو دریافت کرنے کیلئے نگرانی اور محفوظ ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔ حوصلہ افزائی، رہنمائی اور پیار کا اظہار کرنے کے لئے اپنے بچے کے ساتھ وقت گزاریں۔ مستقل معمول تیار کرنے کی کوشش کریں۔ حفاظت کے "اصول" ایسی آسان اصطلاحات پر قائم کریں جو آپ کا بچہ سمجھ سکے۔ مختلف قسم کے کھلونے فراہم کرکے آزادانہ کھیل کی حوصلہ افزائی کریں۔ چونکہ چھوٹے بچے بہت نقال ہوتے ہیں، اس لئے آپ اپنی بات اور طرز عمل میں اپنے بچے کے سیکھنے کے لئے اچھی مثال قائم کریں۔

آپ کیا کر سکتے ہیں:
  • اپنے بچے کے لئے مختلف الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ اسکرین ٹائم سے گریز کریں
  • اپنے بچے کو دن بھر میں کم سے کم 3 گھنٹے مختلف قسم کی جسمانی سرگرمیوں میں گزارنے دیں۔ اس کو مختلف محرک صلاحیتوں کو دریات کرنے اور عمل کرنے دیں۔ جیسے: ایسے پارک میں لے جائیں جس میں بیرونی سہولیات ہوں جیسے سلائیڈز، جھولا وغیرہ۔
  • ایک بار میں 1 گھنٹہ سے زیادہ وقت تک اپنے بچے کو بچہ گاڑی، بچہ کرسی یا کیریئر میں رکھنے سے گریز کریں۔
  • ایک دوسرے سے بات کرنے کے ہر موقع کو بروئے کار لائیں
  • بچوں کی تصویر والی کتابیں اور سادہ کہانی کی کتابیں ایک ساتھ پڑھیں
  • نرسری کی لوریاں ایک ساتھ گائیں اور سنیں
کھلونے جو آپ منتخب کر سکتے ہیں:
  • پیر سے مارنے اور پھینکنے کے لئے مختلف سائز کے گیند
  • ایک ساتھ کھلونوں کو ڈھکیلیں اور کھینچیں
  • بلڈنگ بلاکس
  • لکھنے کے لئے رنگین پینسل اور کاغذ
  • سادہ شکل کے سورٹرز اور پیگ بورڈز
  • کھلونے جو ڈرامہ والے کھیل کی ترغیب دیتے ہیں۔ گڑیا، جانور والے کھلونے، کھلونا فون، باورچی خانے کے سیٹ اور پلاسٹک کے گھریلو برتن جیسے کھلونے لڑکے اور لڑکیوں دونوں کے لئے اچھے ہیں۔
  • موسیقی کے آلات جیسے: پیانو باجا کھلونا اور ڈرم وغیرہ۔.

مذکورہ بالا معلومات آپ کے بچے کی نشوونما کے مطابق ہونے والی متوقع تبدیلیوں کا عمومی خیال پیش کرتی ہے۔ ہر بچہ انوکھا ہوتا ہے اور ترقی کی رفتار میں وسیع پیمانے پر تغیرات اکثر معمول کی بات ہے۔ اگر آپ کا بچہ تھوڑا مختلف وقت لیتا ہے یا کسی مرحلے میں کچھ خاص صلاحیت حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو آپ گھبرائیں نہیں۔ یہ صرف زیادہ توجہ کی ضرورت کا اشارہ کر سکتا ہے۔

ڈاکٹروں یا نرسوں سے بات کریں اگر

18 ماہ کے اختتام تک، آپ کا بچہ

  • تنہا نہ چل سکتا ہو
  • معنی خیز انداز میں نہ کھیلتا ہو بلکہ کھلونے پھینکنے اور شور مچانے میں مصروف رہتا ہو
  • شاذ و نادر ہی اپنی دیکھ ریکھ کرنے والے کی آنکھوں میں دیکھتا ہو
  • اپنی دیکھ ریکھ کرنے والوں کے ساتھ کھیلنے میں دلچسپی نہ دکھاتا ہو، بلکہ خود سے ہی کھیلنا پسند کرتا ہو
  • واقف افراد یا اشیاء کے ناموں جیسے: نانی دادی، کپ ، دودھ کو نہ سمجھتا ہو
  • ضرورتوں کا اظھار کرنے کے لئے انگلی سے اشارہ نہ کرتا ہو
  • ابھی تک کوئی لفظ نہیں بولتا ہو

ڈاکٹروں یا نرسوں سے مشورہ کریں، اس مدت کے اختتام تک، اگر آپ کا بچہ

  • مستقل طور پر نہ چل سکتا ہو
  • عام گھریلو اشیاء یا جسم کے اعضاء کے ناموں کو نہ سمجھتا ہو
  • اپنی دلچسپی کی چیزوں/واقعات کی طرف آپکی توجہ مبذول کرانے کے لئے اشاروں یا الفاظ کا استعمال نہ کرتا ہو
  • صرف ایک لفظ میں بول سکتا ہو
  • اپنی دیکھ ریکھ کرنے والوں کے ساتھ کھیلنے میں دلچسپی نہ دکھاتا ہو، بلکہ خود سے ہی کھیلنا پسند کرتا ہو
  • ڈرامے والے کھیل جیسے کھلونا چائے کے سیٹ کا کھیل میں حصہ نہیں لیتا ہو
  • ایسا معلوم ہوتا ہو کہ اچھی طرح سے سنتا یا دیکھتا نہیں ہے

اگر آپ کو کوئی خدشات یا سوالات ہیں تو، کسی بھی MCHC میں نرسوں اورڈاکٹروں، یا اپنے فیملی ڈاکٹر / بچوں کے معالج سے مشورہ کریں۔

ہمارے پاس متوقع والدین، بچوں کے والدین اور پری اسکول بچوں کے والدین کے لئے کامیاب پیرنٹنگ ورکشاپ اور کتابچے کا ایک سلسلہ ہے۔ معلومات کے لئے براہ کرم ہمارے ہیلتھ کیئر عملہ سے رابطہ کریں۔