خواتین کی ذہنی صحت: کچھ مختلف محسوس کرنا

(HTML content revised 11/2019)

(معلومات کا ذریعہ محکمہ صحت کے سنٹرل ہیلتھ ایجوکیشن یونٹ نے فراہم کیا) (نظر ثانی 2004)

صحت اور آپ
اچھی صحت کا مطلب ہے جسمانی، ذہنی اور سماجی صحت میں بہترین توازن جو کہ ایک متوازن طرز زندگی سے حاصل ہوتا ہے۔ صحت مند ذہن اور جسم سے ہی صحت مند زندگی جنم لیتی ہے۔ لہذا جسمانی، ذہنی اور سماجی، تینوں طرح کی صحت برابر اہمیت کی حامل ہے۔ آج کی خواتین کو مختلف سماجی کردار نبھانے پڑتے ہیں۔ اس لیے انہیں اکثر کام اور خاندان کے حوالے سے دباؤ کا سامنا رہتا ہے۔ ان میں سے ہر کردار کی ذمہ داریاں نبھانا اور اس کے ساتھ صحت مند زندگی گزارنا آسان کام نہیں۔ خواتین کو اپنی ذہنی صحت کے ساتھ جسمانی صحت پر بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ اچھی صحت اور خوشی سے بھرپور زندگی گزار سکیں۔

اچھی ذہنی صحت کیا ہے؟
اچھی ذہنی صحت کی حامل خاتون چُست اور بااعتماد ہوتی ہے۔ وہ اپنی ذات اور شخصیت کو قبول کر کے زندگی کا لطف اٹھاتی ہے۔ منفی جذبات (جیسا کہ ذہنی اضطراب، ڈپریشن، غصہ، ناراضگی، نفرت اور حسد) یا پریشان کرنے والے احساسات کو وہ خاطر میں نہیں لاتی۔ زندگی کو بامقصد اور خوبصورت سمجھتی ہے اور مسائل کو سلجھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کے خیال میں، حالات کیسے بھی ہوں انہیں قابو میں لایا جا سکتا ہے اور مسائل و حالات ان کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لے کر آتے ہیں۔

ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے طریقے

  1. اپنی سوچ مثبت رکھیں اور پُرامید رہیں

    پُر امید رہیں۔ ہر قسم کے حالات کو ایک مثبت سوچ کے ساتھ قبول کریں اور اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھیں۔ خوشگوار زندگی کے یہی راستے ہیں۔
    اگر ایک گلاس پانی سے آدھا بھرا ہے تو مثبت سوچ والی خاتون خوش ہو گی کہ ابھی گلاس آدھا بھرا ہوا ہے۔ وہ سکون محسوس کرے گی اور جوش کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔ دوسری طرف، منفی سوچ والی خاتون اسی فکر میں ہی رہے گی کہ گلاس آدھا خالی ہے اور آگے بڑھنے کا نہیں سوچے گی۔ یعنی پانی سے آدھا بھرا ہوا گلاس مثبت اور منفی سوچ رکھنے والوں کے لیے مختلف معنی رکھتا ہے۔

    بہت زیادہ مت سوچیں۔ صحیح وقت آنے پر سب کچھ صحیح ہو گا۔ زندگی دکھ اور سُکھ کا نام ہے۔ دکھ آنے پر زندگی سے ناراض ہونے کی ضرورت نہیں۔

  2. اپنی بہترین کوشش کریں

    بیشتر ملازمت پیشہ خواتین ایک ہی وقت میں اپنی ملازمت اور گھر کو سنبھالنے کو تھکا دینے والا کام سمجھتی ہیں۔ جبکہ گھریلو خواتین بھی اپنی ساتھیوں کی کامیابیوں پر یہ سوچ کر رنجیدہ ہو جاتی ہیں کہ وہ ابھی تک گھر کا ہی تھکا اور اکتا دینے والا کام کر رہی ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے یہ کہ آپ نے اپنے لیے جو کردار بھی منتخب کیا، اس میں اپنی بہترین کوشش کریں۔ اپنا موازنہ دوسروں سے کرنے کی ضرورت نہیں۔
    غیر شادی شدہ خواتین ملازمت سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ جبکہ گھریلو خواتین کو خاندان اور گھر والوں کا پیار ملتا ہے۔ خاندان کے ساتھ رہنے والی ملازمت پیشہ خواتین بھی گھر اور دفتر میں خوشگوار زندگی گزار سکتی ہیں اگر وہ اپنی توقعات کو مناسب حد تک رکھیں۔

    حقیقت پر مبنی توقع ایک خواب ہے۔ غیر حقیقت پسندانہ توقع ایک تخیل ہے۔
    اپنی شخصیت کے مثبت پہلوؤں کی حوصلہ افزائی کریں۔ کامیابیوں پر اپنی تعریف کریں۔

  3. مشترکہ مفادات ڈھونڈیں، ان پر بات کریں
    ہانگ کانگ میں لوگوں کی زندگیاں بہت مصروف ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جوڑے ایک دوسرے کے ساتھ کم وقت گزارتے ہیں اور ان میں بات چیت کچھ زیادہ نہیں ہوتی۔ لہذا، آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے شریک حیات کے ساتھ ہر لمحے کو بھرپور بنائیں اور قربت برقرار رکھنے کے لیے ان لمحات کو خوشیوں سے بھر دیں۔ کبھی کبھار اپنے شریک حیات کو محبت بھرا کارڈ بھیج دیں یا شادی سے پہلے کی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے اس کے ساتھ سفر پر نکل جائیں۔ بات چیت کو بڑھانے کے لیے مل کر کوئی کام کریں یا مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کریں۔ خوشگوار ازدواجی تعلقات کا انحصار زیادہ وقت ساتھ گزارنے پر نہیں اچھا وقت گزارنے پر ہے۔ اس لیے، اپنے شریک حیات کے ساتھ گزرنے والے ہر لمحے کو خوشگوار بنائیں!

    خوشی کے لمحات پیدا کریں اور زندگی کو پر مسرت بنانے کے لیے شریک حیات کو سرپرائز دیا کریں۔ ہر وقت کام میں مصروف مت رہیں۔ کچھ وقت ایک ساتھ گزاریں۔

  4. دوست بھی اہم ہیں

    زندگی تھکا دینے والی چیز ہے۔ خواتین اکثر خود کو اپنے کیرئیر اور گھر والوں کے لیے وقف کر دیتی ہیں اور ایسے میں دوستیوں کی اہمیت نظر انداز ہو جاتی ہے۔ اس صورتحال میں کوئی پریشانی آن پڑے تو کوئی ایسا نہیں ہوتا جس سے آپ اپنے تاثرات بانٹ سکیں۔
    دوست آپ کی زندگی کے بکھرے ٹکڑوں کو جوڑتے ہیں۔ آپ پر کوئی پریشانی یا برا وقت آ جائے تو آپ کے دوست مدد اور سہارا دیتے ہیں۔ پرانے دوستوں کے ساتھ جڑے رہیں اور نئے بھی بنائیں۔ آپ کو ایک نہ ایک دن دوستیوں کا فائدہ ضرور ہو گا۔

    نئے دوست بنانا شروع کریں اور اپنا سپورٹ نیٹ ورک قائم کریں۔
    دوسروں کو اپنا دوست بننے دیں اور دوسروں کے ساتھ دوستیاں کریں۔

  5. فارغ وقت میں اپنے مشغلوں پر عمل کریں

    آپ باقاعدگی کے ساتھ مصروف معمولات میں سے کچھ وقت نکال کر وہ کام کریں جو آپ بے پناہ مصروفیت میں بھی کرنا چاہتی ہیں۔ ایسے کام جو آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھاریں جیسا کہ باغبانی، بُنائی، ہاتھ سے ڈیکوریشن کی اشیا بنانا۔ ایسے کام نہ صرف آپ کے اندر ایک ٹھہراؤ لاتے ہیں بلکہ ٹی وی دیکھنے سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔
    مطالعہ کرنے اور تعلیم جاری رکھنے سے آپ نئی علوم سے آشکار ہو سکتی ہیں۔ کامیاب ہونے کا احساس پانے کے لیے آپ رضاکارانہ کام یا خیرات بھی جمع کر سکتی ہیں۔ آپ چاہے جو مرضی کریں لیکن یہ یاد رکھیں کہ خود کو بے تحاشہ مصروف کرنے سے گریز کریں۔ مشغلوں کو ذمہ داری مت بننے دیں۔
    زندگی میں فعال کردار ادا کریں۔ اپنی شخصیت کو نکھارنے کی خود کوشش کریں۔ تفریح کے لیے وقت نکالیں۔ خود کو کام یا خاندان کا غلام مت سمجھیں۔

    اپنی ذہنی صحت کا جائزہ لیں
    آپ کس قسم کی شخصیت ہیں؟ اگر آپ کی شخصیت میں صحت مند عادات کی بجائے منفی عادات زیادہ ہیں تو اپنی زندگی کو خوشگوار بنانے کے لیے ابھی سے خود کو بہتر کریں!

صحت مند رویے غیر صحت مند رویے
آپ ہمیشہ پریشانی سے آزاد اور مثبت رہتے ہیں۔ آپ ہمیشہ پریشان رہتے ہیں۔
آپ دوسروں سے بات کرنا پسند کرتے ہیں۔ آپ ہمیشہ خاموش رہتے ہیں۔
آپ پُر سکون رہتے ہیں۔ آپ کو بہت جلد غصہ آ جاتا ہے۔
آپ نرمی سے بولتے ہیں۔ آپ سختی سے بولتے ہیں۔
آپ اپنی شخصیت پر فخر کرتے ہیں۔ آپ ہمیشہ خود کو الزام دیتے ہیں۔
آپ دوسروں کا خیال رکھتے ہیں۔ آپ کی دنیا صرف اپنے گرد گھومتی ہے۔
آپ مثبت سوچ کے ساتھ اپنی کمزوریوں کا ادراک کر تے ہیں اور پھر انہیں بہتر کر تے ہیں۔ آپ حقیقت کو تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی انہیں بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
آپ صاف ستھرے نظر آتے ہیں۔ آپ بکھرے بکھرے لگتے ہیں۔
آپ منظم زندگی گزارتے ہیں۔ آپ اپنا وقت نہیں سنبھال سکتے۔
آپ محبت بھرا خاندان بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ محبت بھرے خاندان کی اہمیت کو نظر انداز کر تے ہیں۔

صحت کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی ہماری 24 گھنٹے ہیلتھ ایجوکیشن ہاٹ لائن (کنٹونیز، انگریزی اور پوٹنگوا زبانوں میں) کو 2833 0111 پر کال کریں یا محکمہ صحت کے سنٹرل ہیلتھ ایجوکیشن یونٹ کی ویب سائٹ دیکھیں:
http://www.chp.gov.hk۔