اپنے بچے سے پیار کریں، چوٹ لگنے سے بچائیں (0 سے 1 سال)

(مواد پر نظرثانی کی گئی 06/2020 میں HTML)

کیا آپ کا بچہ محفوظ ہے؟

  • چوٹ بچوں کے لئے جان لیوا ہے۔ ہر سال چوٹ کی وجہ سے بہت سے بچے ہلاک یا معذور ہو جاتے ہیں۔ اپنے بچے کو چوٹ لگنے سے بچانے کے لئے، اس کے طور طریقوں سے خبردار رہیں اور تمام ممکنہ خطرات کو دور کر دیں۔
  • 5 سال یا اس سے کم عمر کے بچے خطرناک چیزوں کو نہیں سمجھ سکتے اور نہ ہی ان کو یاد رکھ سکتے ہیں۔ والدین کو اپنے بچوں کی صلاحیت کا ضرورت سے زیادہ تخمینہ نہیں لگانا چاہئے۔
  • اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 0 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کے لئے گھر چوٹ کی سب سے عام جگہ ہے۔

0 سے 1 سال کی عمر کے بچوں میں عام چوٹیں:

  • بچے عام طور سے 4 سے 5 ماہ کی عمر میں اشیاء تک پہنچنے اور پکڑنے کی پہلی کوشش کرتے ہیں۔ جب وہ پیٹھ کے بل لیٹے ہوتے ہیں تو، وہ ایک طرف سے دوسری طرف پھرنے کی کوشش کرتے ہیں، یا پلٹ بھی جاتے ہیں۔ وہ جلد ہی بیٹھنے، رینگنے اور کھڑے ہونے کے قابل ہوجائیں گے۔ جلد ہی، وہ چلنا اور آس پاس کی دریافت کرنا سیکھ لیں گے۔ کچھ نوزائیدہ بچے دوسروں کی بہ نسبت زیادہ تیزی سے بڑھ سکتے ہیں۔
  • ایک سال سے کم عمر بچوں میں خود کا خیال رکھنے کی اہلیت نہیں ہوتی۔ لہذا، والدین کے لئے یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ کیسے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرکے چوٹ لگنے سے بچایا جائے۔
  • ایک سال سے کم عمر نوزائیدہ بچوں کو زیادہ تر زخم گرنے اور گرم پانی یا بھاپ سے جلنے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
  • چوٹ کے بعد فورا طبی مشورے کریں۔

عام چوٹیں اور بچاؤ کی تدابیر:

  1. گرنا
    • (کسی بھی عمر کے) بچے کو کبھی بھی ڈائپر تبدیل کرنے والی چٹائی، میز، بڑوں کے بستر یا صوفہ پر تنہا نہ چھوڑیں۔ اگر کسی وقت آپ اپنے بچے کی دیکھ بھال کرنے کے لئے خالی نہیں ہیں تو، اسے بچے کے کھٹولا یا پلے پین میں رکھ دیں۔
    • اپنے بچے کو کھٹولے میں ڈالنے کے بعد اطراف کی ریلوں کو محفوظ طریقے سے اٹھا کر مقفل کر دیں۔
    • اپنے بچے کو اسٹرالر یا بیبی کیریج، بیبی واکر یا بچہ کرسی پر رکھنے کے بعد حفاظتی پٹہ اور حفاظتی لاک کو محفوظ کر دیں۔

    نوزائیدہ بچوں کو رینگنا اور الٹنا پلٹنا پسند ہے
    گرنے سے بچانے کے لئے ان کو بحفاظت رکھیں

  2. گرم پانی یا بھانپ سے زخم
    • اپنے بچے کو نہلانے کے لئے پانی تیار کرتے وقت، ٹب میں گرم پانی ڈالنے سے پہلے ٹھنڈا پانی ڈالیں۔ پانی کو اچھی طرح ملائیں اور درجہ حرارت کو اپنی کہنی سے جانچ لیں۔
    • دودھ یا کوئی بھی گرم کھانا جو آپ اپنے بچے کو کھلانے جا رہے ہیں اس کے درجہ حرارت کو جانچ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ جلائے گا نہیں۔
    • مائکروویو اوون میں دودھ یا بچوں کے دوسرے کھانے گرم کرنے سے پرہیز کریں کیونکہ مائکروویو میں گرم کیا ہوا کھانا یا پینا ایک سطح کی درجہ حرارت میں نہیں ہوتا ہے۔ اگرچہ کھانے اور پینے والی چیز کا اوپری حصہ معمولی طور پر گرم معلوم ہوتا ہے، لیکن اکثر اندر زیادہ گرم ہوتا ہے۔ اس سے بچے کا منہ یا حلق جل سکتی ہے۔
    • میز کے کنارے کے قریب گرم کھانا یا پینے کی چیز نہ رکھیں۔ اگر میز پر گرم کھانا ہے تو اپنے بچے پر قریبی نظر رکھنا نہ بھولیں۔.

    گرم پینے کی چیزوں کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں

    • گرم پانی یا بھاپ سے جلے ہوئے زخم سے نمٹنا
      • زخمی حصے کو ہلکے بہتے ہوئے پانی کے نیچے رکھیں یا اسے ٹھنڈا کرنے کے لئے ٹھنڈے پانی میں ڈالیں۔ برف کو براہ راست زخم کی جگہ پر نہ رکھیں۔
      • زخمی جگہ کے ارد گرد کے کپڑے آہستہ سے ہٹائیں لیکن جلد سے لگے ہوئے کپڑے کو نہ ہٹائیں۔ اسے صاف کپڑے یا پٹی کے ٹکڑے میں لپیٹ دیں۔
      • زخم پر تیل، ٹوتھ پیسٹ، مکھن یا کھانے والی چٹنی نہ لگائیں۔ اسے چپکنے والی ڈریسنگس جیسے مرہم پٹی یا نرم کپڑے سے نہ لپیٹیں۔
      • چوٹ کے بعد فورا طبی مشورے کریں۔
  3. باورچی خانہ میں چوٹیں
    • باورچی خانے کے دروازے پر گیٹ لگائیں تاکہ بچے اندر داخل نہ ہو سکیں۔
    • باورچی خانے میں کھانا پکانے سے پہلے اپنے بچے کو کسی محفوظ جگہ پر رکھیں (جیسے بچے کا کھٹولا یا پلے پین)۔ 4 ماہ یا اس سے زیادہ عمر کے بچے اشیاء تک پہنچ جاتے ہیں۔ لہذا باورچی خانے میں انہیں اپنی پیٹھ پر نہ رکھیں۔

    بچے اشیاء تک پہنچ جاتے ہیں۔
    کھانا پکاتے وقت انہیں داخل نہ ہونے دیں۔

نتیجہ:

  • زیادہ تر چوٹیں روکنے کے قابل ہیں۔ لہذا، والدین کو چوکنا رہنا چاہئے اور طفلی نشوونما کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہئے تاکہ مناسب حفاظتی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔
  • والدین کو ہر وقت بچوں کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنی چاہئے۔ انہیں کبھی بھی گھر میں تنہا نہ چھوڑیں اور نہ ہی کسی بڑے بچے کی دیکھ بھال میں رکھیں۔

جن والدین کو کبھی کبھی بچوں کے نگہداشت کی خدمات کی ضرورت ہوتی ہے وہ اوکیزنل چائلڈ کیئر سروس، میوچوئل ہیلپ چائلڈ کیئر سنٹرز یا شوشل ویلفیر ڈیپارٹمنٹ کے نیبرہوڈ سپورٹ چائلڈ کیئر پروجیکٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ معلومات یا استفسار کے لئے، براہ کرم سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ www.swd.gov.hk پر جائیں یا 28352016 پر اس کے چائلڈ کیئر سینٹرز ایڈوائزری انسپیکٹوریٹ سے رابطہ کریں۔

مزید معلومات کے لئے، براہ کرم محکمہ صحت کے درج ذیل نمبر پر کال کریں:

24 گھنٹے معلومات کے لئے رابطہ کریں (فیملی ہیلتھ سروس)

2112 9900

ہیلتھ ایجوکیشن انفولائن 2833 0111

یا مندرجہ ذیل ویب سائٹ پر جائیں:

فیملی ہیلتھ سروس، محکمہ صحت www.fhs.gov.hk
مرکز برائے حفظان صحت، محکمہ صحت www.chp.gov.hk
ہانگ کانگ چائلڈ ہیلتھ فاؤنڈیشن www.childhealthhongkong.com
ہانگ کانگ چائلڈ ہوڈ انجوری پریوینشن اینڈ ریسرچ ایسوسی ایشن childinjury.hkuhealth.com