غیرواضح اہمیت کےغیر معمولی اسکواومس خلیات (ASCUS) زیادہ خطر ے کے حامل HPV کا ٹیسٹ کیا گیا

(مواد پر نظر ثانی کی گئی 03/2025)

جب سروائیکل اسکریننگ ٹیسٹ میں ASCUS کی موجودگی ظاہر ہو، تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ خوردبین کے نیچے نظر آنے والے خلیات معمول کے خلیات سے کچھ مختلف ہوتے ہیں، مگر ان میں بگاڑ کی شدت اتنی نہیں ہوتی کہ انہیں قبل از کینسر خلیات قرار دیا جا سکے۔ ASCUS سروائیکل اسکریننگ ٹیسٹس میں سب سے عام غیر معمولی تشخیص ہے: اسکریننگ ٹیسٹ کروانے والی ہر 100 خواتین میں سے تقریباً 3 سے 5 میں مذکورہ بالا کیفیت پائی جاتی ہے، جن میں سے %50 خواتین کی خلیاتی حالت 4 سے 6 ماہ کے اندر معمول پر واپس آ جاتی ہے۔ HPV ٹرائیج ایک اضافی ٹیسٹ ہے جو یہ جانچنے کے لیے کیا جاتا ہے کہ آیا سروائیکل خلیات زیادہ خطرے کے حامل انسانی پیپیلوما وائرس (HPV) سے متاثر ہوئے ہیں یا نہیں۔ یہ عمل اس بات کا مزید جائزہ لیتا ہے کہ آیا خلیات وقت کے ساتھ قبل از کینسر یا کینسر میں تبدیل ہو سکتے ہیں، کیونکہ سروائیکل کینسر کے تقریباً تمام کیسز مستقل زیادہ خطرے کے حامل HPV انفیکشن کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

  • اگر سروائیکل خلیات زیادہ خطرے کے حامل HPV سے متاثر نہ ہوں، تو سنگین خلیاتی بگاڑ کا امکان نہایت کم ہوتا ہے۔  لہٰذا خواتین کو صرف 3 سال بعد دوبارہ سروائیکل اسمیئر کروانے کی ضرورت ہو گی۔  اگر دوبارہ سے کروائے گئے اسمیئر کا نتیجہ معمول کے مطابق ہو، تو وہ دیگر خواتین کی طرح معمول کی اسکریننگ جاری رکھ سکتی ہیں۔ اگر دوبارہ سے کروائے گئے ٹیسٹ کے نتائج میں مستقل غیر معمولی خلیات یا مزید بگاڑ کے حامل خلیات ظاہر ہوں، تو مریضہ کو کولپوسکوپی کے لیے ماہر کلینک میں ریفر کیا جائے گا۔ 
  • اگر غیر معمولی سروائیکل خلیات زیادہ خطرے کے حامل HPV سے متاثر ہو چکے ہوں، تو ان خلیات کے شدید بگاڑ یا کینسر میں تبدیل ہونے کا امکان موجود ہوتا ہے۔ اسی لیے، خواتین کو ماہر کلینک میں کولپوسکوپی کے لیے ریفر کیا جاتا ہے۔ چونکہ سروائیکل خلیات میں شدید بگاڑ سے کینسر تک پہنچنے کا عمل عمومی طور پر 5 سے 10 سال تک محیط ہوتا ہے، اس لیے یہ کیفیت کسی فوری خطرے کا سبب نہیں بنتی، لہٰذا غیر ضروری تشویش سے گریز کریں۔

کولپوسکوپی کیا ہے؟

کولپوسکوپی سے مراد ایک ایسا معائنہ ہے جس میں محدب عدسے کے ذریعے اندام نہانی اور عنقِ رحم کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہ معائنہ جاتی طریقہ کلینکس میں اینیستھیزیا کے بغیر کیا جا سکتا ہے اور تقریباً 10 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔

طریقہ ہائے کار

ڈاکٹر کولپوسکوپ داخل کرے گا، اور پھر اندام نہانی اور عنقِ رحم پر مخصوص طبی محلول لگائے گا اور پھر محدب عدسہ استعمال کرے گا تاکہ کسی بھی غیر معمولی زخم کی شناخت کی جا سکے۔  اگر کسی غیر معمولی زخم کا پتہ چلتا ہے، تو ڈاکٹر ایک مخصوص آلے کے ذریعے بافتوں کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا نکالے گا اور مزید تجزیے کے لیے اسے لیبارٹری بھیج دے گا۔