حمل کی منصوبہ بندی کے متعلق اہم حقائق

(مواد پر نظرثانی کی گئی 12/2019 میں)

یہ کتابچہ آپ کو اور آپ کے شریک حیات کو حمل کی منصوبہ بندی کے لئے تیار کرتا ہے۔ یہ آپ کی اور آپ کے شریک حیات کی اپنے آپ کو تیار کرنے، اور صحت و تغذیہ کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ ایسی امید کی جاتی ہے کہ آپ جس بچے کی توقع کر رہے ہیں اس کی ایک مطلوبہ ماحول میں ترقی اور نشوونما ہو، اور حمل کی کسی بھی پیچیدگی کے خطرہ کو کم سے کم کیا جا سکے۔

  1. زیادہ سے زیادہ غذائیت حاصل کرنے کے لئے متوازن غذا برقرار رکھیں

    ہر روز کھانے کے 5 گروپ شامل کریں بشمول اناج، سبزیاں، پھل، گوشت، مچھلی، انڈے اور متبادل، دودھ اور متبادل کے۔ مختلف قسم کے کھانے کا استعمال ہمیں اپنی ضرورت کے مطابق مختلف غذائی اجزاء حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔

    • چربی/تیل، نمک اور شوگر (مرد، خواتین -کم سے کم کھائیں)
    • دودھ اور متبادل (مرد - 2 گلاس فی دن، خواتین - 1 سے 2 گلاس فی دن)
    • گوشت، مچھلی، انڈا اور متبادل (مرد - فی دن 5 سے 8 ٹیل، خواتین - فی دن 5 سے 7 ٹیل) (تقریبا چار تولے کے برابر ایک چینی وزن کا پیمانہ)
    • سبزیاں (مرد، خواتین - فی دن کم از کم 3 بار)
    • پھل (مرد، خواتین - فی دن کم از کم 2 بار)
    • اناج (مرد - فی دن 4 سے 8 پیالے، خواتین - فی دن 3 سے 6 پیالے)
    • ہر دن 6 سے 8 گلاس سیال پیئیں بشمول پانی، چائے، دودھ، صاف سوپ کے

    ایک پیالہ اناج = 1 پیالہ چاول؛ یا چاول نوڈل کا 1 پیالہ؛ یا پکے ہوئے میکارونی یا اسپگیٹی کے ½1 پیالے؛ یا نوڈلز کے ¼1 پیالے؛ یا روٹی کے 2 ٹکڑے (پرت کے ساتھ؛ ایک پاؤنڈ، آٹھ ٹکڑے والی پیکٹ سے)؛ یا دلیا کے 10 چمچ (خشک)
    سبزیاں ایک بار = پکی ہوئی پتی دار سبزیوں کا ½ پیالہ
    پھل ایک بار = درمیانی سائز کے سنترے یا سیب کا ایک ٹکڑا
    گوشت کا ایک ٹیل = 1 انڈا یا توفو کا ¼ بلاک

    زیادہ سے زیادہ غذائیت کے لئے مختلف قسم کی غذائیں کھائیں۔ متوازن غذا ہماری ضرورت کے مطابق غذائی اجزاء حاصل کرنے کو یقینی بناتی ہے۔ جب آپ حاملہ ہوتی ہیں تو یہ جنین کو ماں سے بہترین غذائیت حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے۔

    اپنی خوراک میں کم غذائیت والے کھانے کو محدود کریں، خاص کر جن میں زیادہ چکنائی اور شوگر کی زیادہ مقدار ہو، جیسے آلو کے کرکرے، فرائز، کریم کیک، بسکٹ، کینڈی، فاسٹ فوڈ، فوری نوڈلس، پروسیس شدہ گوشت، میٹھے مشروبات اور سافٹ ڈرنکس۔ ان میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں لیکن غذائیت بہت محدود ہوتی ہیں۔ کثیر استعمال زیادہ وزن اور موٹاپے کا باعث ہوسکتا ہے۔

    زیادہ کیلوری والے ہلکے ناشتے کم کر دیں:

    • سافٹ ڈرنکس اور دیگر میٹھے مشروبات کی جگہ پانی یا سوڈا پانی استعمال کریں۔
    • شیرینی یا ہلکے ناشتے کے طور پر ایسے تازہ پھل کھائیں جو تازگی پیدا کرنے والے اور میٹھے ہوں۔
    • فوری نوڈلز کو تلی ہوئی نوڈلز جیسے رائس نوڈل اور سادہ چینی نوڈلز سے بدل دیں۔
    • ہلکے ناشتے کے طور پر گری دار میوے اعتدال کے ساتھ لیں۔ اگرچہ گری دار میوے میں کیلوری زیادہ ہوتی ہے لیکن وہ غذائی ریشہ اور غذائیت سے مالا مال ہوتے ہیں۔

    مختلف قسم کے کھانے کا انتخاب کریں:

    • سفید چاول کی جگہ بھورے چاول، یا سفید روٹی کی جگہ گندمی روٹی کا انتخاب کریں۔ سالم اناج کے کھانوں میں زیادہ غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں؛ ان میں غذائی ریشہ ہوتا ہے جو آسودگی میں أضافہ کرتا ہے۔
    • مختلف رنگوں والی کئی قسم کی سبزیاں اور پھل منتخب کریں۔ مثال کے طور پر: گاجر، قدو، شملہ مرچ، پالک، گوبھی، بینگن، انگور، سیب، جامن اور چیری۔
    • گوشت، مچھلی، انڈے اور متبادل کے گروپ میں مختلف قسم کا انتخاب کریں۔ گوشت، مچھلی، انڈا، پھلیاں اور سویا کی مصنوعات جیسے توفو اور تازہ بین کرڈ شیٹ شامل کریں۔
    • دودھ، دہی اور چیزکے علاوہ، آپ ایسے متبادل کا انتخاب کریں جن میں کیلشیم کی مقدار زیادہ ہو، جیسے: کیلشیم سے بھر پور سویا دودھ، گہری سبز رنگ کی سبزیاں اور توفو۔

    وہ مقامی نوجوان جن میں مناسب آئرن، کیلشیم، آیوڈین اور وٹامن ڈی نہیں ہے، وہ ان اہم غذائی اجزاء پر اضافی توجہ دیں۔

    • آئرن
      • انڈے، گری دار میوے، بیج، خشک پھلیاں
      • گہرے سبز رنگ کی سبزیاں، جیسے پالک، چوائے سم، بوک چوائے اور کیلی
      • آئرن سے بھر پور ناشتے کے اناج
    • وٹامن D
      • وٹامن D پیدا کرنے اور اسے جذب کرنے میں آپ کی مدد کے لئے سورج کی روشنی میں جانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
      • انڈے کی زردی، سالمن مچھلی، وٹامن D سے بھر پور دودھ اور ناشتے کے اناج
    • کیلشیم
      • دودھ، دہی، پنیر، کیلشیم سے اضافہ شدہ سویا دودھ، گہرے سبز رنگ کی سبزیاں، توفو
    • آیوڈین
      • سمندر میں اگنے والے پودے، سمندری غذا، سمندری مچھلی، انڈے، دودھ اور دودھ کی مصنوعات
  2. فولک ایسڈ اور دیگر غذائیت والے ضمیمے

    فولک ایسڈ

    آپ کو صلاح دی جاتی ہے کہ حمل کی منصوبہ بندی کرتے وقت اور حمل کے پہلے سہ ماہی کے دوران آپ روزانہ کم سے کم 400 مائیکرو گرام فولک ایسڈ سپلیمنٹس لیں (1000 مائیکرو گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے)۔ اس سے بچے کے اندر اعصابی ٹیوب کی خرابی (دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کی خرابی) کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

    مزید برآں، ایسے کھانوں کا انتخاب کریں جو فولک ایسڈ سے مالا مال ہوں، جیسے گہرے سبز پتوں والی سبزیاں، پھلیاں اور خشک پھلیاں، پھل اور فولک ایسڈ سے بھر پور ناشتے کے اناج۔

    یوڈین

    • اوسطا بالغ افراد کو روزانہ 150 مائیکروگرام آیوڈین کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہانگ کانگ کے لوگوں کو اپنی روز مرہ کی خوراک میں مناسب آیوڈین نہیں مل رہی ہے۔
    • آیوڈین کی کمی بچے کے دماغ کی نشوونما کو روک سکتی ہے۔
    • آیوڈین سے بھرپور غذا کا انتخاب اور ٹیبل نمک کی جگہ آیوڈائزڈ نمک کا استعمال آپ کو مناسب آیوڈین حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ حمل میں موجود آپ کے بچے کے لئے مناسب آیوڈین کی فراہمی کو بھی یقینی بناتا ہے۔
    • متبادل کے طور پر، حسب ضرورت مناسب آیوڈین پر مشتمل ضمیمہ منتخب کرنے کے لئے آپ اپنے ڈاکٹر یا ماہر غذائیات سے صلاح لیں۔

    صرف سبزی کھانے والے

    اگر آپ صرف سبزی کھاتے ہیں تو، آپ کو اپنی غذا سے مطلوبہ مقدار میں وٹامن B12، آئرن، اومیگا-3 فیٹی ایسڈ (جیسے: DHA) نہیں مل سکتا ہے۔ آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ غذائیت کی تشخیص کے لئے اپنے ڈاکٹر یا غذا کے ماہر سے مشورہ کریں، اور تجویز کردہ مقدار کے ساتھ مناسب ضمیمہ منتخب کریں۔

    صرف سبزی کھانے والے کے حوالے سے حکیمانہ منصوبہ بندی کے لئے http://s.fhs.gov.hk/l1pzs

    عمدہ تجاویز

    غذائیت کے ضمیمہ کو کبھی بھی غلط طریقے سے نہ لیں۔ وٹامن A کی زیادہ مقدار جنین میں نقص کا سبب بن سکتی ہے۔

  3. جسمانی طور پر متحرک رہیں

    جسمانی طور پر متحرک رہنا اور فعال طرز زندگی اختیار کرنا آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے فائدہ مند ہے۔ حمل کے دوران اور اس کے بعد پابندی سے ورزش زیادہ وزن کے امکانات کو کم کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔

    ہر ہفتے 150 منٹ تک ایروبک (کڑی) ورزش کریں۔ معتدل شدت والی جسمانی سرگرمی کے دوران آپ اپنے دل کی دھڑکن کو محسوس کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ابھی ورزش کرنا شروع کررہے ہیں تو، آپ آسان اور سادہ سرگرمیوں کا انتخاب کریں، جیسے: ٹہلنا، ورزش والی موٹر سائیکل پر سوار ہونا، تیراکی کرنا، وغیرہ۔
    • اگر آپ کو ورزش کرنے کا وقت نہیں ملتا ہے تو، آپ روزانہ کم از کم 30 منٹ تک جسمانی سرگرمی کریں۔ اسے روزانہ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے الگ الگ سیشنوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
    • باہر جاتے وقت پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔ ایک اسٹیشن پہلے اتر جائیں اور منزل کی طرف تیزی سے پیدل چل کر جائیں۔ اس کے علاوہ، لفٹ استعمال کرنے کی بجائے سیڑھیوں سے چڑھیں یا اتریں۔
    • جسمانی ورزش کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ گھریلو کام کریں۔
  4. صحت مند وزن برقرار رکھیں

    کم وزن یا زیادہ وزن آپ کے حمل کے امکان کو متاثر کرے گا۔ صحت مند وزن کی صورت میں عورت کے حاملہ ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے، اور اسے حمل کے دوران پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

    آئیے آپ کے باڈی ماس انڈیکس (BMI) کا حساب لگاتے ہیں

    BMI = وزن (کلوگرام) ÷ (لمبائی (میٹر) × لمبائی (میٹر)

    •  BMI < 18.5 ، کم وزن

      اگرچہ حاملہ عورت کا وزن حمل کے دوران بڑھ جائے گا، پھر بھی اس کی وجہ سے قبل از وقت پیدائش یا کم وزن والے بچے کو جنم دینے کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

    •  BMI > 23 ، زیادہ وزن / موٹاپا

      حاملہ عورت کو پری-ایکلیمپسیا (حمل کی ایک پیچیدگی جس میں ہائی بلڈ پریشر اور دوسرے عضو کے نظام کو نقصان پہنچتا ہے، اکثر و بیشتر جگر اور گردے کو)، زمانہ حمل میں ہائی بلڈ پریشر یا شوگر وغیرہ کا زیادہ خطرہ ہوگا۔

      اگر آپ کا وزن زیادہ ہے یا موٹاپا ہے تو، حمل سے پہلے اپنے وزن کو کنٹرول کرنے کی کوشش کریں۔ بہتر ہے کہ آپ متوازن غذا برقرار رکھ کر اور اپنی جسمانی سرگرمی میں اضافہ کرکے وزن کم کریں۔

      اپنی غذا کو کنٹرول کریں۔ پابندی سے جسمانی سرگرمی انجام دیں۔

      • اپنی غذا کو کنٹرول کریں
        • غذا کا معقول کنٹرول صحت مند وزن برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ اگر آپ کا وزن ابھی معمول کے مطابق ہے تو صحتمند وزن برقرار رکھیں۔ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے یا موٹاپا ہے تو، صحت مند وزن حاصل کرنے کا ہدف بنائیں۔ اپنی غذا کو معتدل بنانے اور اپنے وزن کو معمول کی حد میں رکھنے کے لئے ماہر غذائیات یا ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
      • اگر والد کا وزن زیادہ ہے، تو بھی اس کی شریک حیات کے حاملہ ہونے کا امکان کم ہوجائے گا۔ اسے بھی اپنا وزن کنٹرول کرنا چاہئے!
      • آپ ہانگ کانگ ڈائیٹشینس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ ملاحظہ کرسکتے ہیں اور وزن کو سنبھالنے کے لئے کسی ماہر غذائیات یا متعلقہ تنظیموں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔  https://www.hkda.com.hk/
  5. فوڈ سیفٹی پر توجہ دیں

    میتھائیل مرکیوری کی کم سطح والی مچھلی کا انتخاب کریں:

    • ہماری غذا میں مچھلی میتھائیل مرکیوری کا عام ذریعہ ہے۔ میتھائیل مرکیوری کی زیادہ مقدار جنین اور نوزائیدہ بچے کے ترقی پذیر اعصابی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
      • احتیاط سے مچھلی کا انتخاب کریں۔ میتھائیل مرکیوری کی زیادہ مقدار والی مچھلی کھانے سے گریز کریں، جیسے: شارک، سورڈ فش، سیل فش، کنگ میکریل، نیلی فین ٹونا، بڑی آنکھ والے ٹونا، الباکور ٹونا، پیلی فین ٹونا، الفونسینو، وغیرہ۔
      • اعتدال کے ساتھ مچھلی کھائیں اور خطرہ کم کرنے کے لئے متعدد مچھلیوں میں سے کھائیں۔

    ایسے کھانوں سے پرہیز کریں جو آسانی سے بیکٹیریا سے آلودہ ہو جاتے ہوں، یا کوئی ایسی غذا جو خام ہو یا اچھی طرح سے پکی ہوئی نہ ہو۔

    • یار شدہ ٹھنڈھے کھانے یا ریفریجریٹڈ کھانے آسانی سے لیسٹریا جراثیم سے آلودہ ہوسکتے ہیں جس کی وجہ سے اسقاط حمل ہوسکتا ہے۔

    برآہ کرم درج ذیل تنظیموں کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں:

    • ہیلتھ پروٹیکشن سینٹر
    • فوڈ سیفٹی سینٹر
  6. تمباکو نوشی نہ کریں

    تمباکو نوشی جنین کی نشوونما کے لئے مضر ہے۔ تمباکو نوشی سے خواتین کے انڈے اور مردوں کی منی کو بھی نقصان پہنچتا ہے، جس سے حمل کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

    آپ کو اور آپ کے شریک حیات کو جلد از جلد تمباکو نوشی چھوڑ دینی چاہئے۔

    فوری طور پر عملدرآمد

    محکمہ صحت کی انٹیگریٹڈ اسموکنگ سیسیشن ہاٹ لائن: 1833183

  7. شراب نوشی نہ کریں

    الکحل انڈوں اور نطفوں کو نقصان پہنچائے گا، اور نر اور مادہ دونوں کی افزائش کو کم کرے گا شراب ماں سے جنین میں منتقل ہوسکتی ہے اور اعضاء کی نشوونما پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے پیدائش کا وزن کم ہو سکتا ہے یا ذہنی کمی بھی ہو سکتی ہے۔ حاملہ خواتین کو شراب والی تمام مشروبات سے پرہیز کرنا چاہئے۔

    آپ کو اور آپ کے شریک حیات کو حمل کے امکانات کو بڑھانے کے لئے تمام شراب والی مشروبات سے گریز کرنا چاہئے۔

    ٹوبیکو اینڈ الکوحل کنٹرول آفس ویب سائٹ: /http://www.taco.gov.hk

  8. اپنے فیملی ڈاکٹر سے بات کریں
    • امراض نسواں، دائمی بیماری، یا وراثتی بیماریوں سے متعلق خاندانی تاریخ
      • اگر آپ کو دائمی مرض ہے جیسے: تھائرائیڈ کا مسئلہ، شوگر، ہائی بلڈ پریشر یا ڈپریشن، تو حمل کے تعلق سے مناسب دوائیں استعمال کرنے کے لئے اپنے ڈاکٹر سے صلاح لیں۔
      • اگر آپ کو موروثی بیماریوں کی خاندانی تاریخ ہے، جیسے: ڈاؤن سنڈروم، تھیلیسیمیا (خون میں ہمیو گلوبین کی کمی کا خاندانی مرض)، ہیموفیلیا (جریان خون کا مرض)، تو آپ وراثت میں بیماری ہونے کے امکان کو سمجھنے کے لئے مناسب جانچ کرائیں۔
      • اگر آپ کو جنسی طور پر منتقل ہونے والی کسی بیماری کا شبہ ہو، تو براہ کرم جلد از جلد ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ جنین میں اس بیماری کے منتقل ہونے کو روکا جا سکے۔
    • دواؤں کا استعمال
      • کچھ دوائیں جنین کی نشونما اور اس کی صحت کو متاثر کرسکتی ہیں اگر آپ طویل مدتی دوائیں لے رہی ہیں، تو صلاح کے لئے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
    • ویکسینیشن
      • اگر حاملہ عورت چیچک یا روبیلا سے متاثرہو، تو اس سے جنین میں پیدائشی نقص کا امکان پیدا ہوجاتا ہے۔ حاملہ عورت جس کو ہیپاٹائٹس B سرفیس اینٹیجن پازیٹو ہو، تو ولادت کے دوران وائرس اس سے بچے میں منتقل ہو سکتا ہے۔ اگر آپ نے ان ٹیکوں کو کبھی نہیں لیا ہے، تو صلاح کے لئے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
    • سروسیکل اسکریننگ
      • سروسیکل اسکریننگ سے سروسیکل سیل میں کینسر سے قبل ہونے والی تبدیلیوں کا جلد پتہ لگ سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ حمل کے دوران کینسر سے قبل ہونے والی تبدیلیوں کے لئے کچھ علاج مناسب نہ ہو۔ آپ کو صلاح دی جاتی ہے کہ آپ حاملہ ہونے سے قبل اسکریننگ کرا لیں اور پہلے ہی مناسب علاج کرا لیں۔
  9. ذاتی حفضان صحت کے تعلق سے محتاط رہیں

    کچھ جانور یا مٹی میں بیکٹیریا یا طفیلی ہو سکتے ہیں۔ آپ ذاتی حفظان صحت کے تعلق سے محتاط رہیں اور جانوروں کو چھونے کے بعد اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ جانوروں کے گوبر ہٹاتے وقت یا پودے لگاتے وقت دستانے پہنیں اور اس کے بعد ہاتھ اچھی طرح سے دھو لیں۔ پالتو جانور باورچی خانے میں نہ جانے پائیں۔ اگر آپ سفر کا منصوبہ بنائیں، تو براہ کرم سفر سے پہلے متعدی بیماری سے بچاؤ کے بارے میں طبی صلاح لیں۔

  10. منہ سے متعلق صحت درست رکھیں

    حمل سے پہلے دانتوں کی جانچ کرا لیں۔ حمل کے دوران منہ یا دانت کی پریشانیوں سے بچنے کے لئے روز مرہ کی زندگی میں اچھی طرح منہ سے متعلق اعضا کا خیال رکھیں

  11. نفسیاتی طور پر اچھی طرح تیار ہوں

    حاملہ ہونا اور اپنے نوزائیدہ بچے سے ملنا آپ کی زندگی کے اہم ترین اور ناقابل فراموش لمحات میں سے ہوگا۔ حمل کی منصوبہ بندی کرتے وقت آپ پرجوش ہونے کے ساتھ گھبراہٹ بھی محسوس کر سکتی ہیں۔ حاملہ ہونے سے لے کر پیدائش کے بعد تک، آپ اور آپ کے شریک حیات دونوں کے جذبات مختلف ہو سکتے ہیں، جن میں پریشانی، اضطراب، چڑچڑا پن، گرم جوشی، شوق وغیرہ شامل ہیں۔ جسمانی تکلیف، ہارمونل تبدیلیاں، کردار میں تبدیلی اور بچے کی دیکھ بھال میں پیش اّنے والی مشکلات کی وجہ سے، ممکن ہے کہ خواتین کا موڈ حمل کے دوران اور ولادت کے بعد خراب ہو۔ اچھی دماغی صحت کو فروغ دینے اور والدین بننے کے حوالے سے مکمل تیار رہنے کے لئے، آپ اور آپ کے شریک حیات یہ کرسکتے ہیں:

    • حاملہ ہونے سے پہلے فیملی کے لئے مالی منصوبہ بندی کرکے معاشی طور پر تیار رہیں۔
    • بچوں کی دیکھ بھال کے انتظامات کے لئے تیار رہیں، جیسے کہ اگر ضرورت ہو تو بچوں کی دیکھ بھال میں مدد کی ضرورت کے تعلق سے دیگر افراد خانہ سے گفتگو کریں۔
    • دوسرے نئے والدین سے تجربہ شیئر کرکے حمل اور والدینیت کے لئے حقیقت پسندانہ توقعات قائم کریں۔
    • والدین کے امور سے متعلق نظریات اور اقدار کے بارے میں ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کریں اور ضرورت پڑنے پر ایڈجسٹمنٹ کریں۔
    • ایک دوسرے کے ساتھ گہرا اور مضبوط رشتہ قائم کریں، تاکہ آپ کا بچہ محبتوں سے بھر پور خاندان میں پروان چڑھے۔

    اگر آپ کو یا آپ کے شریک حیات کو مسلسل جذباتی پریشانی کا سامنا ہو تو، جلد از جلد پیشہ ورانہ مدد طلب کریں۔

بچے کی امید

  • حمل کا امکان کیسے بڑھایا جائے؟

    حمل کے امکانات کو بڑھانے کے لئے ہر دو یا تین دن بعد باقاعدگی سے جنسی تعلقات قائم کریں۔

    اگر آپ کسی خاص سبب کی بناء پر اپنے شریک حیات کے ساتھ کثرت سے جنسی تعلقات قائم نہیں کرسکتی ہیں تو، آپ اپنے ماہواری کے چکر سے واقف ہونے کی کوشش کریں اور حمل کے امکان کو بڑھانے کے لئے بیضوی حالت کے دوران اپنے شریک حیات کے ساتھ جماع کریں۔ مثال کے طور پر: ایک ایسی عورت جس کا 28 دن کا ماہواری چکر ہو، تو عام طور پر اگلی مدت سے 10 سے 16 دن پہلے ہی بیضوی حالت ہو جاتی ہے۔ یہ ہر ماہواری (ماہواری کے پہلے دن سے) کے 12 ویں سے 18 ویں دن کے بارے میں ہے۔

آپ کے حیاتیاتی چکر میں تبدیلی

  • جسم کے درجہ حرارت میں تبدیلی

    جسمانی درجہ حرارت بیضوی حالت سے پہلے کے مقابلے میں 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہے گا۔

  • رطوبت میں اضافہ

    بیضوی دن کے قریب، اندام نہانی سے خارج ہونے والے مادے میں اضافہ ہوگا۔ مادہ پھسلنے والا اور صاف ہوگا، اور خام انڈے کی سفیدی کی طرح لگے گا۔ وہ لمبائی (’اسپنبرکیٹ‘) میں تن سکے گا۔

  • بیضوی حالت کے ٹیسٹ سے بھی آپ کو بیضوی حالت کی پیشن گوئی کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اگر آپ حاملہ نہیں ہوسکتی ہیں تو…

تقریبا%80 سے%90 عام جوڑے بغیر کسی پیدائشی کنٹرول کے ایک سال کے اندر حاملہ ہو سکتے ہیں۔ اگر جوڑے حاملہ ہونے سے قاصر ہیں تو، طبی صلاح لیں۔ اگر آپ پریشانی سے جلد نپٹ لیتے ہیں تو حمل کا امکان زیادہ ہوگا۔

بانجھ پن کے بارے میں تفصیلات کے لئے، براہ کرم فیملی ہیلتھ سروس کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے کی صلاح دی جاتی ہے، تاکہ آپ حمل اور بچے کی دیکھ بھال کے لئے اچھی طرح سے تیار ہوسکیں۔

حمل کی تیاری کے متعلق مشورہ

  • غذائیت والے کھانوں کا انتخاب کریں، خاص طور پر وہ کھانے جو فولیٹ، آئرن، کیلشیم، آیوڈین، وٹامن D سے مالا مال ہوں۔
  • روزانہ 400 مائیکرو گرام فولک ایسڈ سپلیمنٹس لیں (1000 مائیکرو گرام سے زیادہ نہیں)۔ آیوڈین کی کمی کو روکنے کے لئے، آپ آیوڈین پر مشتمل ضمیمہ لینے پر غور کریں۔ براہ کرم اپنے ڈاکٹر یا ماہر غذائیات سے رجوع کریں۔
  • میتھائیل مرکیوری کی زیادہ مقدار والی مچھلی کھانے سے پرہیز کریں۔
  • غیر پکا ہوا کھانا کھانے سے پرہیز کریں۔
  • کم از کم 150 منٹ فی ہفتہ جسمانی سرگرمی انجام دیں۔
  • صحت مند وزن برقرار رکھیں۔ صحت مند وزن میں خواتین زیادہ آسانی سے حاملہ ہوسکتی ہیں۔
  • تمباکو نوشی اور شراب والی مشروبات پینا چھوڑ دیں۔ شراب اور سگریٹ سے بیضوں اور منی کو نقصان ہوتا ہے، اور حمل کا امکان کم ہوجاتا ہے۔
  • اپنی اور اپنے شریک حیات کی کسی بھی طبی سرگزشت اور موروثی خاندانی بیماریوں، اور متعدی بیماری کی روک تھام کے بارے میں اپنے فیملی ڈاکٹر سے بات کریں۔
  • منہ سے متعلق اچھی صحت کو برقرار رکھیں۔ اس سے حمل کے دوران منہ سے متعلق پریشانیوں کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔
  • ذاتی حفظان صحت سے آگاہ رہیں اور ہاتھ کثرت سے دھوئیں۔
  • حمل سے پہلے تیار ہو جائیں، اور اپنے بچے کو محبتوں سے بھر پور خاندان میں پروان چڑھنے دیں۔

فیملی ہیلتھ سروس
ویب سائٹ :www.fhs.gov.hk
24 گھنٹہ انفارمیشن ہاٹ لائن : 9900 2112